ریاض: سعودی محکمہ پاسپورٹ کے قانون کے مطابق گھریلوغیرملکی کارکنوں کا اقامہ دوبرس کیلیے تجدید کرایاجاسکتا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے کے مطابق محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ جوازات کے تحت گھریلو کارکنو ں کے اقامے ایک اوردوبرس کیلیے تجدید کیے جاسکتے ہیں جبکہ کمرشل کارکن جو کہ کمپنی یا تجارتی ادارے کی زیرکفالت ہوتے ہیں کے اقاموں کا اجرا اورتجدید سے قبل ان کے ورک پرمٹ بنائے جاتے ہیں۔
کمرشل کارکنوں کے ورک پرمٹ کا اجرا اوران کی تجدید وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی کے پروگرام سعودائزیشن کے تحت کیا جاتا ہے۔ ایسے پیشے جن پرغیرملکیوں کے کام کرنے کی ممانعت ہوتی ہے وہاں صرف سعودی شہریوں کو ہی روزگار فراہم کیاجاتا ہے۔
جوادارے غیرملکی کارکنوں کو رکھنا چاہتے ہیں انہیں کارکنوں کے ورک پرمٹ جاری کرانے کے لیے مقررہ فیس ادا کرنا ہوتی ہے جو کہ کم از کم 7000 ریال سالانہ ہوتی ہے۔ ورک پرمٹ جاری کرانے کے بعد اقامے کی تجدید اسی کے مطابق کی جاتی ہے۔
رواں برس کے آغاز سے غیرملکیوں کے اقاموں کی تجدید کے لیے سہ ماہی سہولت فراہم کی گئی ہے تاہم اس کے لیے پہلے ورک پرمٹ کی تجدید کی جائے گی بعدازاں اقامے کی تجدید ممکن ہوتی ہے۔
وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی کی جانب سے جاری ہونے والے ورک پرمٹ کے بعد محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ جوازت کے کارکنوں کے اقامے کی تجدید کی جاتی ہے۔