کابل میں غیر ملکیوں کے گیسٹ ہاؤس کے قریب دھماکہ و فائرنگ، تینوں حملہ آور مارے گئے

کابل:افغانستان کے دارالحکومت کابل میں غیرملکیوں کے گیسٹ ہاؤس کے قریب دھماکہ اور فائرنگ ہوئی ہے۔ جبکہ سکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان کچھ دیر فائرنگ کے تبادلے کے بعد تینوں حملہ آوروں کو مار دیا گیا۔

 عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق دھماکے اور فائرنگ ایسے گیسٹ ہاؤس کے قریب سنی گئیں جو کاروبار کے لیے آنے والے چینی سیاحوں میں مقبول ہے۔رپورٹ کے مطابق حملہ آوروں کی صحیح تعداد فی الحال معلوم نہیں، تاہم ان کے خلاف آپریشن شروع کر دیا گیا۔

عالمی میڈیا نے افغان صحافیوں کے حوالے سے لکھا کہ کابل میں چین کے گیسٹ ہاؤس پر بظاہر دولت اسلامیہ کے حملے میں زخمی ہونے والے طالبان جنگجو وقوعے سے جا رہے ہیں۔ گیسٹ ہاؤس میں چند دن قبل بڑی تعداد میں چینی شہری آئے تھے۔

طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ ہوٹل حملے میں دو غیرملکی زخمی ہوئے ہیں، کسی غیر ملکی کی ہلاکت نہیں ہوئی، دونوں زخمی غیرملکی ہوٹل کی بالکونی سے نیچے کودنے پر زخمی ہوئے۔

 اطلاعات کے مطابق کابل کے علاقے شہرِنو میں حملہ آوروں نے ہوٹل کے نزدیک دھماکا کیا اور پھر ہوٹل میں داخل ہونے کے بعد فائرنگ کی۔حملے میں ہوٹل کی ایک منزل پر آگ بھی لگ گئی۔ ہوٹل میں چینی باشندے اور دیگر غیرملکی قیام کرتے ہیں۔