واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ بنوں میں انسداد دہشتگردی مرکز پردہشتگردوں کے حملے کی صورتحال پر نظررکھے ہوئے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ پاکستان امریکا کا شراکت دار ہے اوراسے افغانستان کے اندر اور پاک افغان سرحد پر دہشتگرد گروپوں سمیت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ یہ دونوں ممالک کے مشترکا چیلنجز ہیں جن سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی مدد کرنے کو تیار ہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بنوں میں انسداد دہشتگردی مرکز پر دہشتگردوں کے حملے اور لوگوں کو یرغمال بنانے کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ حملے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں پر زور دیتے ہیں کہ وہ بنوں میں یرغمال بنائے گئے لوگوں کو بحفاظت رہا کردیں اور سینٹر پر قبضہ چھوڑ دیں۔پاکستان کو موجودہ صورتحال اور آئندہ بھی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون فراہم کرنے کو تیار ہیں۔