واشنگٹن: امریکی حکام نے کہا ہے کہ صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ بہت جلد یوکرین کے لیے 1.8 ارب ڈالر کی فوجی امداد کے پیکج کا اعلان کرے گا جس میں پیٹریاٹ میزائل سسٹم بھی شامل ہوگا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق فوجی امدادی پیکج میں پیٹریاٹ میزائل بیٹری کے علاوہ یوکرین کے جنگی طیاروں کے لیے پریسیشن گائیڈڈ بم بھی فراہم کیے جائیں گے۔
امریکی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر امدادی پیکج کی تفصیلات بیان کی ہیں۔
دوسری جانب، اطلاعات کے مطابق یوکرینی صدر وولودومیر زیلنسکی جلد واشنٹگن پہنچنے والے ہیں جہاں وہ امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقات کریں گے۔
یوکرینی صدر کے ترجمان نے اس حوالے سے کوئی جواب دینے سے گریز کیا ہے جبکہ سیکیورٹی خدشات یوکرین کے صدر کو اپنا منصوبہ تبدیل کرنے پر مجبور بھی کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کئی ماہ سے جاری ہے، امریکا نے یوکرین کے دفاعی نظام کو مضبوط کرنے کے لیے فوجی امدادی پیکج دینے کا فیصلہ کیا ہے۔