مکہ مکرمہ میں جمعہ کو شدید بارش ہوئی، جس کی وجہ سے موسم خوشگوار ہوگیا، بیت اللہ میں زائرین نے برسات کے دوران طواف اور عبادت جاری رکھیں۔
مکہ معظمہ میں ہونیوالی باران رحمت بیت اللہ اور اس کے اطراف میں بھی خوب برسی، باران رحمت کے دوران عمرہ زائرین نے طواف کعبہ جاری رکھا۔
حرم مکی میں بارش میں معتمرین کو طواف کے دوران اللہ سے دعائیں مانگتے دیکھا جا سکتا ہے جو بارش کے دوران اللہ کریم سے اپنے اور اپنے پیاروں کیلئے رحمت کے طلبگار ہیں۔
صدارت عامہ برائے امور حرمین شریفین نے بارش کیلئے اپنی تیاریوں میں اضافہ کردیا ہے، بارش کی صورتحال اور پانی کے اخراج سے نمٹنے کیلئے 200 سے زیادہ سپروائزرز اور نگران، 4000 مرد و خواتین کارکنان اور 500 سے زیادہ آلات تیار کئے ہیں۔
مکہ مکرمہ میں بارش کے بعد بیت اللہ کے صحن مطاف، مسجد کے داخلی اور خارجی راستوں کو خشک رکھنے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے گئے ہیں تاکہ اللہ کے مہمان آسانی اور سہولت کے ساتھ مناسک اور عبادات ادا کر سکیں۔
شدید بارش کے باعث مکہ مکرمہ انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر کے تحت مکہ ۔ جدہ ہائی وے کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے، طوفانی بارش کے باعث جدہ کی متعدد سڑکیں بند ہوگئی ہیں، جن میں الحرمین روڈ بھی شامل ہے۔
دوسری جانب جدہ کے شاہ عبدالعزیز ہوائی اڈے نے اعلان کیا ہے کہ موسم کی خرابی کی وجہ سے کچھ پروازوں کے ٹیک آف میں تاخیر ہوئی۔مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ موسم کے حالات کے پیش نظر پروازوں کے شیڈول میں تبدیلی کے حوالے سے دی جانے والی ہدایات پر عمل درآمد کریں اور پروازوں کی تاخیر کے امکانات کو سامنے رکھیں۔