یوکرین تنازعہ پر مذاکرات کیلئے تیار، مغرب رکاوٹ ہے، روسی صدر

ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا کہنا ہےکہ یوکرین تنازع پر روس تمام فریقین سے بات چیت کے لیے تیار ہے، روس نے کبھی امن مذاکرات سے انکار نہیں کیا، یوکرین اور مغربی ممالک ہی بات چیت سے پیچھے ہٹتے رہے ہیں۔

روسی چینل کو انٹرویو میں صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ روس تمام فریقین سے قابل قبول حل کے لیے بات چیت کرنے پر تیار ہے لیکن امن مذاکرات کا ہونا فریقین پر منحصر ہے، روس نے کبھی بات چیت سے انکار نہیں کیا۔

صدر  پیوٹن کا کہنا تھا کہ روس یوکرین میں درست سمت میں کام کر رہا ہے، مغرب روس کو تقسیم کرنا چاہتا ہے، روس اپنے قومی مفادات، اپنے شہریوں اور اپنےلوگوں کا دفاع کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ روس کے پاس اپنے شہریوں کے تحفظ کے سوا دوسرا کوئی راستہ نہیں، روس کے شہری متحد ہیں اور وطن کے لیے ہر چیز دینےکو تیار ہیں۔