امریکہ نے افغان خواتین پر این جی اوز میں کام کرنے پر پابندی کو تباہ کن قراردیدیا
نیو یارک:امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن نے افغان خواتین پر این جی اوز میں کام کرنے پر پابندی کو تباہ کن قرار دے دیا۔
امریکی وزیر خارجی انتونی بلنکن نے افغانستان میں طالبان حکومت کی جانب سے خواتین کے این جی اوز میں کام کرنے پر پابندی سے متعلق ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پابندی سے امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹ پیدا ہو گی۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ سخت تشویش کا باعث ہے کہ افغانستان میں این جی اوز میں خواتین کے کام نہ کرنے سے لاکھوں افراد کو اہم اور زندگی بچانے والی امداد پہنچانے میں مشکل ہو گی۔
واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت نے بین الاقوامی اور مقامی فلاحی تنظیموں میں خواتین کے کام کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔
اس سے قبل افغانستان میں خواتین کی یونیورسٹیوں میں تعلیم پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی۔