22سالہ لڑکی بیٹے کو جنم دینے کے فوری بعد دسویں کا امتحان دینے پہنچ گئی

بھارتی ریاست بہار میں 22 سالہ لڑکی بیٹے کی پیدائش کے بعد فوری طور پر ایمبولینس میں دسویں جماعت کے بورڈ کا امتحان دینے سینٹر پہنچ گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رُکمنی کماری ضلع بانکا کے گورنمنٹ اسکول کی طالبہ تھیں، بدھ کی صبح انہوں نے ایک بچے کو جنم دیا، جس کے تین گھنٹے بعد ڈاکٹروں اور اہلخانہ کے منع کرنے کے باوجود وہ سائنس کا پرچہ دینے سینٹر پہنچ گئیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  رُکمنی کماری کا کہنا تھا کہ منگل کے روز میرا ریاضی کا پرچہ تھا، پرچہ دینے کے دوران مجھے تکلیف ہو رہی تھی، گھر آکر بھی تکلیف کم ہونے کے بجائے بڑھ گئی جس کے بعد رات گئے مجھے اسپتال لے جایا گیا۔

رُکمنی نے مزید بتایا کہ ان کے بیٹے کی پیدائش بدھ کی صبح 6 بجے ہوئی۔

ڈاکٹرز نے بتایا کہ رُکمنی نے ہم سے درخواست کی کہ اسے بورڈ کا امتحان لازمی دینا ہے، جس کے بعد ہم نے ایمبولینس کے ساتھ دو نرسیں اس کے ہمراہ بھیجیں، تاہم اب بچے اور ماں دونوں کی صحت ٹھیک ہے۔