ریاض: سعودی عرب میں رمضان المبارک میں منعقدہ عالمی مقابلہ ’’عطر الکلام‘‘ میں امریکی قاری یاسر شاہین نے اپنے تلاوت کے معیار سے سامعین کو حیران کر دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ہالی ووڈ فلم اور ٹیلی ویژن کے اسکرین رائٹر فلسطینی نژاد امریکی شہری یاسر شاہین نے سعودی عرب میں منعقدہ سب سے بڑے عالمی مقابلے “عطر الکلام” کی حالیہ قسط میں ممتاز انداز میں شاندار قرات کرکے فضا کو مسحور کر دیا۔
قرات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور جس نے قرآن کی یہ پُرسوز قرات سنی وہ عش عش کر اُٹھا۔ قاری یاسر شاہین کی قرات سے ہر آنکھ نم ہوگئی۔
یاسر شاہین نے امریکی شہر ڈیلاس کی مساجد میں مسلمان بچوں کو قرآن کی آیات اور لہجے کے اصول سکھانے کی خدمت بھی انجام دی ہے۔
قاری یاسر کا کہنا تھا کہ قاری بن کر میں نے اپنی والدہ کی خواہش پوری کی ہے جس کے لیے پہلے اللہ کے آخری پیغام قرآن کو اپنے سینے میں محفوظ کیا اور ساتھ ساتھ اس عظیم کتاب کی قرات کے مختلف انداز سیکھتا رہا۔
قاری یاسر دنیاوی تعلیم بھی حاصل کرتے رہے اور کیلی فورنیا کی سان ہوزے یونیورسٹی میں درس و تدریس سے وابستہ رہے اور اسلامی ممالک کے ٹیلی ویژن چینلز پر متعدد پروگراموں میں حصہ لیا۔
علاوہ ازیں 130 سے زیادہ دستاویزی پروگراموں اور 14 دستاویز فلموں کی تیاری کی نگرانی بھی کی۔
خیال رہے کہ قرات کے عالمی مقابلے “عطر الکلام” میں 50 ہزار سے زائد قاری حصہ لے رہے ہیں جن میں سے 50 فاتح خوش نصیبوں کو 12 ملین ریال کے انعامات سے نوازا جائے گا۔
تلاوت قرآن کریم کی کیٹگری میں پہلی پوزیشن پر آنے والے کے لیے 30 لاکھ ریال جب کہ اذان میں پہلی پوزیشن لینے والے کو 20 لاکھ ریال انعام سے نوازا جائے گا۔