امریکی ریاست کینٹکی میں رات کے وقت تربیتی مشق پر موجود آرمی کے دو بلیک ہاک ہیلی کاپٹرز حادثے کا شکار ہوگئے جس کے نتیجے میں 9امریکی فوجیوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوگئی
امریکی ہوائی اڈے فورٹ کیمبل کے ترجمان، نونڈیس تھورمین نے جمعرات کی صبح بتایا کہ یہ ہلاکتیں گزشتہ رات جنوب مغربی کینٹکی میں معمول کے تربیتی مشن کے دوران ہوئیں۔
فورٹ کیمبل کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دو HH-60 بلیک ہاک ہیلی کاپٹر جو 101 ویں ایئر بورن ڈویژن کا حصہ ہیں ٹریگ کاؤنٹی میں رات 10 بجے کے قریب گر کر تباہ ہوئے۔
101 ائیربورن نے فورٹ کیمبل کے شمال مغرب میں تقریباً 30 میل (48 کلومیٹر) کے فاصلے پر حادثے کی تصدیق کی۔ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔
بریگیڈیئر 101 ایئر بورن ڈپٹی کمانڈر جنرل جان لوباس نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر رہائشی علاقے کے قریب ایک کھیت میں گرے۔
لوباس نے کہا کہ ایک ہیلی کاپٹر میں پانچ اور دوسرے میں چار افراد سوار تھے۔
جمعرات کی صبح ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، کینٹکی کے گورنر اینڈی بیشیر نے کہا کہ ریاست ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں کی مدد کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ”ہم وہی کرنے جا رہے ہیں جو ہم ہمیشہ کرتے ہیں، ہم ان خاندانوں کو اپنے بازوؤں میں سمیٹنے جا رہے ہیں، ہم آنے والے دنوں میں ان کے ساتھ ہوں گے۔“
فورٹ کیمبل ٹینیسی کی سرحد کے قریب نیش وِل سے تقریباً 60 میل (97 کلومیٹر) شمال مغرب میں واقع ہے، اور حادثہ کیڈیز کی کمیونٹی کینٹکی کے ٹریگ کاؤنٹی میں پیش آیا۔
نِک ٹوماسزیوسکی، جو کہ حادثے کے مقام سے ایک میل کے فاصلے پر رہتے ہیں، انہوں نے امریکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ حادثے سے چند لمحے قبل انہوں نے اپنے گھر کے اوپر دو ہیلی کاپٹر اڑتے ہوئے دیکھے۔
انہوں نے بتایا کہ ”گزشتہ رات کسی وجہ سے میں اور میری بیوی وہاں بیٹھے پچھلے ڈیک پر باہر دیکھ رہے تھے اور میں نے کہا ’وہ دونوں ہیلی کاپٹر کافی نیچے نظر آرہے ہیں اور وہ ایک دوسرے کے کافی قریب ہیں۔“
”ہیلی کاپٹر اوپر سے اُڑ کر گئے اور وپاس گھوم کر آئے، کچھ ہی لمحوں بعد ہم نے دیکھا کہ ایسا لگتا تھا جیسے آسمان پر آتش بازی ہو رہی ہو۔“
ٹوماسزیوسکی نے کہا ”ان کے ہیلی کاپٹر کی تمام لائٹس ختم ہوگئیں۔ یہ ایسا ہی تھا جیسے اچانک دھماکہ ہوا ہو اور پھر ہم نے آگ کے گولے کی طرح ایک بہت بڑی چمک دیکھی۔“
انہوں نے کہا کہ تربیتی مشقوں کے لیے فلائی اوور تقریباً روزانہ ہوتے ہیں اور ہیلی کاپٹر عام طور پر نچلی پرواز کرتے ہیں لیکن ایک دوسرے کے اتنے قریب نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا ”دونوں ہیلی کاپٹرز ایک دوسرے کے پیچھے تھے۔ ہم عام طور پر ایک کو دیکھتے ہیں اور پھر کچھ منٹ بعد دوسرے کو دیکھتے ہیں، اور ہم نے صرف ان میں سے دو کو کل رات ایک ساتھ اڑتے دیکھا۔“
کینٹکی سینیٹ کے اراکین نے جمعرات کی صبح حادثے کے متاثرین کے اعزاز میں ایک لمحے کی خاموشی اختیار کی۔
سینیٹ کے صدر رابرٹ اسٹیورز نے سومبر چیمبر کو بتایا کہ ”ہمیں نہیں معلوم کہ کیا ہوا ہے، لیکن میں سمجھتا ہوں کہ یہ برا ہے اور ہماری فوج کا کافی جانی نقصان ہوا ہے۔“
پچھلے مہینے، ٹینیسی نیشنل گارڈ کے دو پائلٹ اس وقت ہلاک ہو گئے تھے جب ان کا بلیک ہاک ہیلی کاپٹر تربیتی مشق کے دوران الاباما ہائی وے پر گر کر تباہ ہو گیا تھا۔
بلیک ہاک امریکی فوج کے لیے ایک اہم اور طاقتور ہیلی کاپٹر ہے، جو اہم سیکورٹی، ٹرانسپورٹ، طبی انخلاء، تلاش اور بچاؤ اور دیگر مشن فراہم کرتا ہے۔
جنگی مشنز کے دوران عراق اور افغانستان کے آسمانوں پر یہ اکثر دیکھا جاتا تھا اور اسے فوج کی 160ویں اسپیشل آپریشنز ایوی ایشن رجمنٹ کے ذریعے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
عراق اور افغانستان کے جنگی علاقوں میں واقع ہیڈ کوارٹرز کے مقامات پر سینئر لیڈروں کو لے جانے کے لیے بھی اکثر بلیک ہاکس کا استعمال کیا جاتا تھا۔