انتخابات التواء کیلئے حکومت سکیورٹی فورسز کو استعمال کرنا چاہتی ہے ، عمران خان

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا اجلاس بلا کر انتخابات کے التوا کیلئے سکیورٹی فورسز کو استعمال کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ  ایسا کوئی بھی قدم مسلح افواج کو عدلیہ اور قوم کے خلاف براہ راست کھڑا کردے گا۔

عمران خان نے کہا کہ آج عدلیہ کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد پاس کی گئی اور ایک غیر آئینی بل پیش کیا گیا، یہ سب واضح کرتا ہے کہ پی ڈی ایم انتخابات سے بھاگنے کیلئے کوئی بھی راستہ اختیار کرسکتی ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل وزیراعظم ہاؤس میں ہو گا جس میں آرمی چیف سمیت عسکری قیادت شریک ہو گی، اس کے علاوہ اجلاس میں وفاقی وزراء بھی شریک ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کو پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے بعد ملک میں پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال اور معاشی مسائل پر بریفنگ دی جائے گی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں موجودہ صورت حال سے متعلق فیصلے کیے جائیں گے۔