ملک بھر میں چینی کی قیمتوں میں بڑا اضافے دیکھنے میں آ رہاہے، چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 150 روپے کلو تک پہنچ گئی ہے۔
لاہور کی تھوک مارکیٹ میں چینی کی 50 کلو بوری کی قیمت 600 روپے بڑھ گئی،شوگر ڈیلرز کے مطابق پرچون کی سطح پر چینی 130 روپے میں فروخت ہورہی ہے۔
شوگر ڈیلرز کے مطابق دو ہفتوں کے دوران چینی کی قیمت میں 22 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے،ڈیلرز کا کہناہے کہ نئی پیداوار مارکیٹ میں آنے کے باوجود قیمت میں اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے۔
انہوں نے قیمتیں بڑھنے کا سارا الزام سٹے بازوں پر لگاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مصنوعی قلت پیدا کر کے چینی کی قیمت بڑھائی ہے۔
کراچی میں ہول سیل میں چینی کی قیمت 117 روپے فی کلو جبکہ ریٹیل مارکیٹ میں چینی 125 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے،کراچی ہول سیل ڈیلرز کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے اقدامات نہ کئے تو چینی 140 روپے بھی دستیاب نہیں ہو گی۔
مظفرگڑھ میں چینی مارکیٹ میں 130 روپے کلو فروخت ہورہی ہے، چینی کا50 کلو تھیلا مارکیٹ میں 6100 روپے کا فروخت ہورہا ہے۔ حاصل پور میں چینی کی پرچون 123 روپے سے 125 روپے فی کلو ہے جبکہ تھوک مارکیٹ میں 50کلوچینی کاتھیلا 5950 روپے سے 6ہزارروپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
جتوئی میں عام مارکیٹ میں چینی کی فروخت 150 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جہانیاں میں 120 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے، چشتیاں میں چینی 130 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے جبکہ وہاں پچاس کلو کا تھیلا 6150 میں فروخت ہو رہا ہے۔