سوات/اسلام آباد: کبل میں سی ٹی ڈی دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 17 تک جا پہنچی جبکہ خواتین اہلکاروں سمیت 70 افراد زخمی ہیں۔
سوات کے علاقہ کبل میں تھانہ سی ٹی ڈی دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی، جاں بحق ہونیوالوں میں 12پولیس اہلکار، ایک بچی سمیت 4 زیرحراست افراد بھی شامل ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ چاروں افراد سی ٹی ڈی پولیس کے پاس زیرحراست تھے، چند نامعلوم افراد سی ٹی ڈی تھانے میں زیر تفتیش تھے جبکہ دھماکے میں زخمیوں کی تعداد70ہوگئی، لیڈی پولیس اہلکار بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔
دھماکے بعد سی ٹی ڈی پولیس اسٹیشن میں ملبہ اٹھانے اور ریسکیو کا کام تاحال جاری ہے، ملاکنڈ اور شانگلہ کی ٹیمیں بھی امدادی کارروائیوں میں شریک ہیں۔ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے، تاہم واقعے کے زخمیوں میں 8 اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے۔
دوسری جانب سیکرٹری صحت محموداسلم نے بتایا کہ سوات کبل دھماکے کے53زخمی اسپتال لائے گئے، سیدوشریف اسپتال میں 8زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 10 لاشیں اسپتال لائی گئی ہیں۔
محموداسلم کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت نے سوات کے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں اور ملازمین کوجلدازجلداپنی ڈیوٹی پرپہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ضلع بھر کے تمام ہسپتالوں سمیت لیڈی ریڈنگ اسپتال کو بھی ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یاد رہے گذشتہ رات سوات کے علاقے کبل میں سی ٹی ڈی پولیس اسٹیشن کے قریب دو دھماکے ہوئے تھے، دھماکے میں تھانہ سی ٹی ڈی مکمل تباہ ہوگیا۔
دوسری جانب پولیس نے سوات کے کبل تھانہ سی ٹی ڈی میں دھماکے کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی جس میں شارٹ سرکٹ سے دھماکا ہونے کا زیادہ امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پیر کی رات کو سوات کے علاقے کبل میں سی ٹی ڈی تھانے میں ہونے والے دھماکے سے سی ٹی ڈی کے 2 افسروں سمیت 17 افراد شہید ہوگئے جبکہ 70زخمیوں میں سے 8 کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق تھانہ سی ٹی ڈی میں شارٹ سرکٹ سے دھماکا ہونے کا زیادہ امکان ہے، باہر سے حملے کا ابھی تک کوئی ثبوت نہیں ملا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تھانے کے مال خانہ میں گولہ بارود کو آگ لگی، دھماکے کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔