سوات:سوات کے علاقے کبل میں محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے تھانے میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے میں شہید اہلکاروں کی نمازِ جنازہ منگل کو دن 11 بجے پولیس لائن کبل میں ادا کر دی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سوات کے علاقے کبل میں سی ٹی ڈی تھانے کے اندر 2 دھماکے ہوئے جن کے نتیجے میں 15 پولیس اہلکار وں سمیت 17 افراد شہید ہو گئے تھے۔
دھماکے میں 70افراد زخمی ہوئے جو اسپتال میں زیرِعلاج ہیں، جبکہ شہداء میں سی ٹی ڈی کے 2 افسران بھی شامل ہیں۔ڈی آئی جی سی ٹی ڈی خالد سہیل کے مطابق دھماکے سے سی ٹی ڈی تھانے کی عمارت بیٹھ گئی، دھماکے کے ساتھ ہی علاقے کی بجلی منقطع ہو گئی۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے دھماکے کی وجہ لاپروائی کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکا بظاہر شارٹ سرکٹ کا نتیجہ دکھائی دیتا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ دھماکا سی ٹی ڈی کے پرانے آفس میں ہوا ہے، بظاہر خودکش یا دہشت گردی کا واقعہ نہیں لگ رہا۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے یہ بھی کہا ہے کہ لاپروائی کے باعث کوت میں رکھے اسلحے میں دھماکا ہوا ہے۔