پشاور: نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے سی ٹی ڈی پولیس اسٹیشن کبل میں ہونے والے دھماکے کی اصل وجوہات کا تعین کرنے کے لئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے جس کی روشنی میں سیکرٹری داخلہ اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل اسپیشل برانچ پر مشتمل دو رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی جو اس واقعے کی اصل وجوہات کا تعین کرے گی۔
اس سلسلے میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ دھماکے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لئے تحقیقات جاری ہیں تاہم ابھی تک دھماکے کی وجوہات کا حتمی طور پر تعین نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ دھماکہ دہشتگردی کا واقعہ ہے یا کسی حادثے کا نتیجہ، فی الحال حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا اگر چہ بظاہر دھماکہ کسی حادثے کا نتیجہ لگتا ہے لیکن تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی دھماکے کی اصل وجوہات کا تعین ہو سکتا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ اس وقت کوئی حتمی رائے قائم کرنا قبل از وقت ہے، اس سلسلے میں بعض عناصر کی طرف سے سیاسی بیان بازی درست نہیں، یہ عناصر واقعے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس سے لواحقین شہدا کے جذبات کو ٹھیس پہنچے گی۔ اصل وجوہات کا تعین کئے بغیر واقعے کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنا شہدا کی قربانیوں کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔