گورنر خیبرپختونخوا کو عہدے سے ہٹانے کیلئے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کو عہدے سے ہٹانے کے لئے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

گورنر خیبرپختونخوا کو عہدے سے ہٹانے کے لئے ہائیکورٹ میں معظم بٹ ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کی۔

دائر درخواست میں صدر پاکستان، عارف علوی، وفاقی حکومت، گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ آئین پاکستان کے مطابق گورنر نگراں حکومت کے قیام کے بعد الیکشن تاریخ دینے کا پابند ہوتا ہے لیکن گورنر نے اسمبلی تحلیل کے 90 روز گزرنے کے باوجود الیکشن تاریخ نہیں دی اس لئے گورنر خیبرپختونخوا نے آئین کی خلاف وزری کی، گورنر کے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی کی جائے اور صدر پاکستان قائمقام گورنر نامزد کریں۔

درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ عدالت الیکشن کمیشن کو خیبرپختونخوا اسمبلی انتخابات کی تاریخ دینے کا حکم دیں جبکہ نگران حکومت کی 90 دن مدت ختم ہوگئی، نگراں وزارء اپنے دفاتر خالی کریں۔