پشاور: پشاور میں سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے دفعہ 144 نافذ کردی گئی، تحریک انصاف کی جانب سے آج پشاور میں ریلی نکالنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پشاور میں سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے ۔ 5 یا زیادہ افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی عائد ہے۔
ڈپٹی کمشنر پشاور شاہ فہد کے مطابق نازک سیکیورٹی صورتحال پر دفعہ 144 نافذ کی گئی ہےخلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
تحریک انصاف کی جانب سے آج یکم مئی کے موقع پر پشاور میں ریلی کے انعقاد کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی شوکت یوسفزئی نے دفعہ 144 کے نفاذ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگران حکومت کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہیے آج پوری دنیا میں شکاگو کے مزدوروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی جارہی ہیں حکومت تحریک انصاف کی ریلی سے خوف زدہ ہوگی۔