شمالی وزیرستان میں نجی بینک میں ڈکیتی کا ڈراپ سین ، بینک ملازم ہی ڈاکو نکلا

 شمالی وزیرستان: شمالی وزیرستان میں نجی بینک میں ڈکیتی کا ڈراپ سین ہوگیا، بینک ملازم ہی ڈاکو نکلا۔

 پولیس نے لوٹی ہوئے 71 لاکھ روپے میں سے 66 لاکھ 35 ہزار کیش ریکور کرلیا، گرفتار 8 ملزمان کو میڈیا کے سامنے پیش کردیا گیا۔ 

شمالی وزیرستان کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر سلیم ریاض اور ایس پی انویسٹی گیشن محمد زمان خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ میرانشاہ میں نجی بینک کی برانچ میں ڈکیتی کا معمہ حل کرلیا گیا۔ 

انہوں نے بتایا کہ بینک سے 71 لاکھ روپے لوٹے گئے تھے، ڈکیتی میں بینک کا ملازم بھی ملوث ہے، اس معاملے میں اب تک 8 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

 پریس کانفرنس میں ڈسٹرکٹ پولیس افسر سلیم ریاض محمد زمان نے صحافیوں کو بتایا کہ بینک ڈکیتی کی اطلاع ملتے ہی ایس پی انویسٹی گیشن محمد زمان خان کی سربراہی میں 4 رکنی ٹیم تشکیل دیدی گئی تھی۔

، جس میں ایس ایچ او میرانشاہ لائق مرجان وزیر، ایس آئی انویسٹی گیشن محمد کامران خان اور اے ایس آئی محمد سہیل شامل تھے۔ٹیم نے انتھک محنت اور پاک فوج کی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

 ڈی پی او سلیم ریاض اور ایس پی انویسٹی گیشن محمد زمان خان نے بتایا کہ ملزمان سے 66 لاکھ 35 ہزار روپے کی نقد رقم، 3 کلاشنکوف، ایک پستول اور وادات میں استعمال کی گئی گاڑی برآمد کرلی گئی۔

 پولیس افسران کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں بینک ملازم بھی ملوث ہے، ایک روپوش ملزم کی گرفتاری اور باقی 4 لاکھ 65 ہزار روپے کی برآمدگی کیلئے پولیس کی ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں۔