خیبرپختونخوا ، پی ٹی آئی دور میں بھرتی انفلوئنسرز منصوبے کی تحقیقات شروع

قومی احتساب بیورو (نیب) نے خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دور حکومت میں بھرتی سوشل میڈیا انفلوئنسرز منصوبے کی تحقیقات شروع کردیں۔

نیب نے سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی تحقیقات سے متعلق سیکرٹری اطلاعات خیبرپختونخوا کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نیب سوشل میڈیا شراکتی پلیٹ فارمز کے قیام کے حوالے سے چھان بین کر رہا ہے.

اس سلسلے میں پروجیکٹ کے کاغذات اور پی سی ون فراہم کیے جائیں جبکہ پروجیکٹ پر سالانہ خرچ کی جانے والی رقم اور کل مختص کیے گئے فنڈز کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ پروجیکٹ کیلئے جاری فنڈز کی تمام تفصیلات 10 مئی تک فراہم کی جائیں۔ 

نیب نے محکمہ اطلاعات خیبرپختونخوا سے صوبائی انٹرن شپ پالیسی بھی مانگ لی ہے جبکہ خط میں انٹرنیز یا ملازمین کے انتخاب کیلئے رکھے جانے والے معیار سے متعلق بھی سوال کیا گیا ہے۔

اسی طرح نیب کی جانب سے انٹرنیز یا ملازمین کے انتخاب کے عمل کے ہر مرحلے سے متعلق مکمل ریکارڈ اورانتخاب کیلئے اشتہار، دستاویز کی تصدیق اور ٹیسٹ کے نتائج بھی فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ میرٹ لسٹ، آفر لیٹر، منتخب و مسترد امیدواروں کی فہرست بھی نیب کو مہیا کی جائے۔

نیب نے انفلوئنسرز کی منظوری، کمیٹیوں کا نوٹیفکیشن، میٹنگز منٹس اور انفلوئنسرز کی تنخواہوں کی تفصیلات بھی مانگی ہیں ۔ خط میں محکمہ اطلاعات سے انٹرنیز  یا ملازمین کی نگرانی کے طریقہ کار کا بھی پوچھا گیا ہے۔