سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے کئی شہروں میں احتجاج کیا جبکہ کوئٹہ میں پولیس سے تصادم میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
لاہور میں کارکنوں نے جیل روڈ بند کردیا اور دھرم پورہ میں بھی احتجاج کیا۔ کینال روڈ پر بھی ٹائر جلاکر راستے بند کردیے گئے۔
نگران وزیر صحت ڈاکٹرجاویداکرم کے مطابق احتجاج کے دوران اب تک 4 افراد زخمی ہوئے جنہیں سروسزاسپتال لایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں 3 پولیس اہلکاراور ایک کیمرہ مین ہے۔
اُدھر راولپنڈی میں مری روڈ پر کارکنوں نے احتجاج کیا جبکہ فیض آباد کے مقام پر راستے بند کردیے جبکہ پولیس نے پنڈی سے 43 کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔
دوسری جانب کراچی میں بھی تحریک انصاف کے کارکنوں نے انصاف ہاؤس پر احتجاج کیا اور شارع فیصل کو ٹریفک کیلئے بند کردیا۔
مشتعل مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا جس پر پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی، مظاہرین نے پولیس وین بھی جلادی اور دیگر املاک کو نقصان پہنچایا۔
پولیس نے علی زیدی سمیت 33 کارکنوں کو گرفتار کیا۔
پشاور میں بھی تحریک انصاف کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا ، کے پی اسمبلی پر پتھراؤ کیا۔
کوئٹہ میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے پارٹی سیکرٹریٹ سےریلی نکالی، شرکا نے ائیرپورٹ روڈ کو دو مقامات پر روکاوٹیں کھڑی کرکے بند کردیا۔
پولیس کے مطابق شاہراہ کھلوانے کیلئے پولیس اور مظاہرین میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور31 پولیس اہلکاروں سمیت 40 افراد زخمی ہوگئے۔