ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت بھی شرپسندوں کے ہاتھوں نذر آتش

ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت پر شرپسندوں کے حملے کے نتیجے میں نیوز روم اور مختلف سیکشن میں تباہی مچا دی گئی۔

ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان طاہرحسن کا کہنا ہے کہ شرپسند ریڈیو پاکستان پشاورکا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہوگئے، سینکڑوں کی تعداد میں شرپسندوں نے اچانک دھاوا بول دیا۔

شرپسندوں کے حملے میں مختلف سیکشنزمیں آگ لگنے سے ریکارڈ اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہوگیا، عمارت میں کھڑی گاڑیوں کو بھی آگ لگادی گئی۔ شرپسند سرکاری سامان لوٹ کر لے گئے جس میں سامان میں کیمرے، مائیک اور دیگر دفتری سازو سامان اورآلات شامل تھے۔

ڈی جی ریڈیوپاکستان کا کہنا ہے کہ شرپسندوں کو روکنے کی کوشش کرنے والے عملے پر مظاہرین نےتشدد کیا، خواتین سمیت عملے کے ارکان پر بھی تشدد کیا گیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی شرپسندوں نے چاغی یادگار اور ریڈیو آڈیٹوریم کو آگ لگا دی تھی۔