شمالی وزیرستان: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زیرِحراست 3 دہشت گرد اور ایک حملہ آور ہلاک

دہشت گردوں کی میرانشاہ سے بنوں منتقلی کے دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زیر حراست 3 دہشت گرد ہلاک اور ایک حملہ آور بھی مارا گیا۔

شمالی وزیرستان میں عید گاہ پل کے قریب سی ٹی ڈی اور فورسز پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک جب کہ باقی فرار ہوگئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے اس وقت حملہ کیا جب خطرناک دہشت گردوں کو میرانشاہ سے بنوں منتقل کیا جارہا تھا۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے زیر حراست 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، مارے گئے دہشت گرد سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز کو متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔

ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ حملہ آوروں کی فائرنگ سے ایک اہلکار بھی زخمی ہوا، جب کہ سیکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی اور حملہ آوروں کے فرار ہونے کے بعد کئے گئے سرچ آپریشن کے دوران ایک حملہ آور کی لاش بھی ملی۔