گورنر خیبر پختونخوا کا جناح ہاؤس لاہور کا دورہ

پشاور:گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے اپنے دورہ لاہور کے دوران اتوار کے روز جناح ہاؤس/کور کمانڈر ہاؤس لاہور کا دورہ کیا اور شرپسند عناصر کے ہاتھوں جلائے جانیوالی تاریخی جناح ہاؤس کی عمارت کا تفصیلی معائنہ کیا۔ 

گورنر نے تاریخی جناح ہاؤس کو تباہ کرنے پر دلی دکھ وافسوس کا اظہار کیا اور واقعہ کی اپنی، خیبر پختونخوا حکومت اور عوام کیجانب سے پر زور مزمت کرتے ہوئے پاک فوج اور پنجاب کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

گورنر نے اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جناح ہاؤس کی تباہی دیکھ کر دل بہت افسردہ ہے.جناح ہاؤس کی تاریخی عمارت کی تباہی سننے سے زیادہ دیکھنے میں دردناک ہے جس بیدردی سے کورکمانڈر ہاؤس کو نزر آتش کیا گیا ہے ایسا تو کوئی ملک دشمن بھی جرات نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ جناح ہاؤس کی تباہی دیکھ کر واضح معلوم ہوتا کہ یہ ملک دشمنی اور پاک فوج کیخلاف ایک منظم ناپاک سازش کی گئی،ایسی ملک دشمنی اور پاک فوج کیخلاف 9 مئی یوم سیاہ کی پرتشددانہ سوچ کے خاتمے کیلئے شر پسند عناصر کیخلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے اور پوری قوم 9 مئی یوم سیاہ کے پرتشددانہ سوچ رکھنے والوں سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے ملک اور پاک فوج کے ساتھ اتھ کھڑی ہو جس منظم منصوبہ بندی سے کور کمانڈر ہاؤس لاہور کے کمروں، لائیبریری اور مسجد کو نزر آتش کیا گیا اس سے صاف طاہر ہوتا ہے کہ آگ لگانے والے  ملک دشمن کے آلاکار تھے جن کیخلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے تاکہ آئندہ کوئی ایسی شرپسندانہ حرکت نہ کر سکے۔

گورنر نے کہا کہ انکا لاہور دورہ کے دوران جناح ہاوس کا دورہ کرنے کا مقصد اپنی جانب سے اور خیبر پختونخوا کی حکومت و عوام کیجانب سے پنجاب کے عوام اور پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے اور یہ پیغام دینا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام ملک بھر میں  ریاستی اور دفاعی اداروں کے وقار و تحفظ کیلئے پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور جو لوگ سیاسی جماعت کی آڑ میں پاک فوج کیخلاف نفرت پھیلانے کی ناپاک کوشش کر رہے ہیں پوری قوم بالخصوص نوجوان اس ناپاک کوشش و سوچ کو خاک میں ملا دیں گے۔

 جناح ہاوس لاہور دورہ کے دوران فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر ناصر حیات مگو، بزنس مین پینل پنجاب کے چیئرمین خواجہ شاہزیب اکرم، عرفان نعیم ملک بھی انکے ہمراہ تھے۔