شمالی وزیرستان میں گاڑی میں سوار خود کش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں 2 فوجی جوانوں اور پولیس اہلکار سمیت 4 افراد شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں خود کش دھماکا ہوا اور گاڑی میں سوار خود کش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دھماکے میں دو فوجی جوان، ایک پولیس اہلکار سمیت 4 افراد شہید ہوگئے۔
شہدا میں نائیک سیداللہ شاہ، سپاہی جواد خان ، پولیس کانسٹیبل حکیم جان اور ایک شہری شہید ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خودکش بمبار ایک بڑے عوامی اجتماع کو نشانہ بنانا چاہتا تھا، سکیورٹی فورسز کی جانب سے فوری جوابی کارروائی سے بڑےسانحہ کو روک لیاگیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھاکہ سکیورٹی اہلکاروں نے خود کش حملہ آور کی مشتبہ گاڑی کو روکا اور اپنی جانوں کی قربانی دےکرکئی معصوم زندگیاں بچائیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذکرنے والے ادارے دہشت گردی کے خاتمےکیلئے پرعزم ہیں۔