ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے احتساب عدالت آزاد کشمیر کے جج سردار امجد اسحاق جاں بحق ہوگئے، ڈاکو موقع سے فرار ہوگئے۔
راولپنڈی میں تھانہ روات کی حدود میں واقع نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ راولپنڈی پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق 5 ڈاکو گھر میں داخل ہوئے اور مزاحمت پر فائرنگ شروع کردی۔ ڈاکو موقع سے فرار ہوگئے جبکہ ایک ساتھی کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق شواہد حاصل کرلیے گئے ہیں، لاش پوسٹ مارٹم اور زخمی کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس فائرنگ واقعے کی تمام زاویوں سے تحقیقات کر رہی ہے۔
خیال رہے کہ جاں بحق جج احتساب عدالت میرپور آزاد کشمیر میں خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ جج قتل کے واقعے پر سی پی او خالد ہمدانی نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کرلی۔