پشاور: میرانشاہ کی تحصیل سپین وام میں دہشتگردوں نے پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں پر فائرنگ کر دی جس میں ایک اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
پی پی پی چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے شمالی وزیرستان میں انسداد پولیو ٹیم پر حملے کی مذمت کی۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید اہلکار کو خراج عقیدت اور شہید کے اہلخانہ سے دلی تعزیت و یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ امید ہے متعلقہ حکام حملے میں ملوث دہشت گردوں کو جلد قانون کی گرفت میں لائیں گے، پاکستان اپنی سرزمین سے پولیو وائرس کے ساتھ ساتھ انسدادِ پولیو مہم کے خلاف سرگرم عناصر کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔