صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کو انٹرویو کے بعد عمران خان کا بچنا نا ممکن ہوگیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی نے بی بی سی کو انٹرویو دیا، اس انٹرویو کے بعد ان کا قانون سے بچنا ناممکن ہوگیا ہے، اب کوئی عدالت انہیں نہیں بچا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت تحریک عدم اعتماد کے ذریعے گئی تھی لیکن یہ انتشار پھیلا کر ریاست کو دھمکیاں دے رہے ہیں، ان کے خلاف بڑے بڑے کیسز موجود ہیں لہٰذا ان کی گردن میں قانون کا شکنجہ تنگ ہوتا جا رہا ہے۔
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ کے نظام میں بہتری لا رہے ہیں، لیاری ایکسپریس وے پر الیکٹرک بسیں چلائیں گے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ میں نگلیریا پھر سر اٹھارہا ہے، اس لئے عوام ناک میں پانی ڈالنے سے گریز کریں اور پانی میں کلورین ملا کر استعمال کریں کیونکہ نگلیریا وائرس ناک کے ذریعے دماغ تک پہنچتا ہے۔