شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ ہوئی، فورسز کی مؤثر کارروائی سے دو دہشت گرد ہلاک جب کہ دو زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے ہتھیار اور گولیاں برآمد کرلی گئی ہیں۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق جھڑپ کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے نائیک ظہیر عباس اور لانس نائیک معراج الدین شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کیا، مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔