مشہور معالج اور کئی کتابوں کے مصنف ڈاکٹر حفیظ اللہ اپنی ایک تحریر میں حرکت میں برکت کے حوالے سے رقم طرازہیں کہ ہمارے محلے کی مسجد کے پیش امام نے پریشانی کے انداز میں کہا کہ مسجدکے لئے کارپٹ، پنکھے اور لان میں دھوپ اور بارش سے بچنے کےلئے شیڈ کی ضرورت ہے۔ مسجد کی توسیع و مرمت کا کام حال ہی میں مکمل ہوا تھا ہال اور کمپاﺅنڈ کےلئے وال ٹو وال کارپٹ کی ضرورت تھی مسجد میں پانچوں وقت نماز کےلئے آنے والے لوگوں کی تعداد کچھ زیادہ نہ تھی ہم نے مسجد کی ضروریات کےلئے چندہ جمع کرنےکی ٹھان لی میں نے اپنے میڈیکل سینٹر کے علاوہ قرب و جوار میں واقع سینٹروں میں ڈاکٹروں سے رابطے کا فیصلہ کیا ایک کاغذ پر چندے کےلئے اپیل لکھ کر ڈاکٹروں تک پہنچائی ہماری اس حقیر سی کوشش کا نتیجہ غیر معمولی اور حیران کن تھا چند دنوں کے اندر اتنے عطیات جمع ہوگئے جو مسجد کی تمام ضروریات کےلئے کافی تھے۔ مجھے میڈیکل کی تعلیم میں ماسٹر پروگرام شروع کرنےکا بڑا اشتیاق تھا اس دوران مجھے کراچی کے سی پی ایس پی میں ایک سےمینار سے خطاب کےلئے مدعو کیا گیااس تقریب میں میڈیکل کے شعبے سے وابستہ ملکی و غیر ملکی اہم شخصیات سے ماسٹر پروگرام پر تبادلہ خیال کا موقع مل گیا باہمی روابط کاسلسلہ جاری رہا اور ایک مہینے کے اندر ہم یونیورسٹی میں ماسٹر پروگرام شروع کرنے میں کامیاب ہوگئے‘ یہ ملک میں اپنی نوعیت کا دوسرا پروگرام تھا ہمیں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی سرپرستی بھی حاصل رہی۔ طب کے شعبے سے وابستہ اعلیٰ شخصیات کا تعاون بھی ہمیں حاصل رہا اور رب کریم نے ہماری کوششوں کو غیر معمولی کامیابی عطا کی ہسپتال کے شعبہ امراض قلب میں داخل دل کے ایک مریض کی مشکل اینجیو پلاسٹی کرنا تھی نوجوان مریض کے دل کی ایک نالی بند تھی ڈاکٹروں نے طویل صلاح مشورہ کیا جس جگہ خون کی نالی تنگ ہوچکی تھی اسے غبارے کی مدد سے کھولنا ممکن نہ تھاپوری تیاری کےساتھ ہم نے اینجیو گرافی کا کام شروع کردیا اور اللہ کے فضل سے بغیر کسی دقت کے مریض کا کامیاب آپریشن کرلیا آپریشن کے دوران دماغ اور اوزار کے صحیح استعمال کے علاوہ خوش قسمتی کا بھی بڑا ہاتھ ہوتا ہے کوہاٹ میں ایک خوبصورت عمارت پر نظر پڑی تو اسے ڈینٹل کالج بنانے کا خیال دل میں آیا عمارت کے مالک سے بات کی مگر وہ اسے کالج کےلئے دینے کو تیار نہیں ہوامگر ہم نے اپنی کوشش ترک نہیں کی چیف ایگزیکٹو کی صدارت میں اجلاس ہواجس میں اس عمارت کے حصول کےلئے لائحہ طے کیا گیا خوش قسمتی سے محکمہ خزانہ نے فوری طور پر درکار فنڈز کی منظوری دیدی اور مالک مکان نے بھی رضامندی ظاہر کردی اس خواب کو شرمندہ تعبیر ہوتا دیکھ کر ہماری خوشی کی کوئی انتہا نہ رہی یہ سب کچھ اللہ تعالیٰ کی خصوصی مہربانی اور کرم نوازی کا نتیجہ تھاانسان کے اختیار میں صرف منصوبہ بندی کرنا‘ کوششوں کو مجتمع کرنا اور جدوجہد کرنا ہوتا ہے نتائج پر اس کا اختیار نہیں ہوتاطالب علم کتاب خرید سکتا ہے کلاس میں حاضر ہوکر توجہ سے اساتذہ کو سن سکتا ہے امتحان کےلئے دن رات ایک کرکے تیاری کرسکتا ہے حتیٰ الامکان کوشش کرکے پرچہ اچھا بنانے کی کوشش کر سکتا ہے مگر اپنی محنت کا نتیجہ خود پیدا نہیں کرسکتا اسی طرح آپ سفر پر جانے کا قصد کرسکتے ہیں ٹکٹ خرید کر جہاز میں بیٹھ سکتے ہیں منزل مقصود تک بحفاظت پہنچنا مسافر کے اختیار میں نہیں ہوتا کوششوں کی کامیابی اور بخیروعافیت منزل تک رسائی کےلئے خدا تعالیٰ کی مدد اور خصوصی کرم درکار ہوتا ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی ہر کوشش کی کامیابی کےلئے خشوع و خضوع کےساتھ دعا کریں کہ رب کریم ہماری کوششوں میں برکت ڈال دے اور ہماری دعاﺅں کو اپنی بے پناہ مہربانی سے شرف قبولیت عطافرمائے۔ ”اس منتخب تحریر کا حاصل مطالعہ کسی بھی کام کی ابتداءکرنا اور اسے تکمیل تک پہنچانے کا عزم کرنا ہے ، رہی بات کسی کام کی تکمیل اور نتیجے کی تو یہ انسان کے بس میں نہیں۔ بسا اوقات مشکل کام تھوڑی سی محنت سے تکمیل تک پہنچ جاتے ہیں اور کئی مرتبہ آسان نظر آنے والا کام بہت محنت اور جدوجہد کے بعد بھی نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوتا۔