خیبرپختونخوا میں آندھی اور بارشوں سے تباہی، 24افراد جاں بحق، 100سے زائد زخمی

خیبر پختونخوا میں آندھی، طوفان اور تیز بارش نے تباہی مچادی، بنوں میں طوفانی بارش سے 15 افراد جاں بحق ہوگئے، دیگرعلاقوں میں حادثات کے باعث سات افراد جان کی بازی ہارگئے، مجموعی تعداد 24 ہوگئی ہے۔

بنوں میں طوفانی بارش نے تباہی مچادی تیز آندھی، طوفان اور موسلادھار بارش کے گھروں کی چھتیں اڑ گئیں اور دیواریں بھی گرگئیں۔ مختلف حادثات میں 15 سے زائد افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

طوفان سے سینکڑوں درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تر تعداد بچوں کی ہے۔

کرک میں آج ہونے والی طوفانی بارش اور تیز ہواؤں سے تحصیل تخت نصرتی کے علاقے سیرک بانڈہ میں مقبول نامی شخص کے دو بیٹے فیضان اور وجدان دیوار گرنے سے موقع پر جان بحق ہوگئے۔

دور افتادہ علاقے میناخیل میں بھی ایک بچہ دیوار گرنے سے موقع پر جان بحق ہوگیا تینوں بچوں کی عمریں 5 سے سات سال کے درمیان ہے جبکہ ورانہ میں بھی شیر نامی شخص دیوار گرنے سے جان بحق ہو گیا۔

ڈی ایچ کیو ہسپتال کرک منتقل کیا گیا ہے آج نیوز کے رابطہ کرنے پر انچارج پی ڈی ایم اے اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر یونس نے بتایا کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف کیلئے ہمارے پاس وسائل نہیں ہے البتہ ان کے امداد کیلئے صوبائی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے، اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی ہے۔

لاہور میں آندھی اورگرد آلود ہوائیں چلنے لگیں ہیں جس کی وجہ سے شہر کا درجہ حرارت کم ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج لاہور میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

ایم ڈی واساغفران احمد نے واسا کےعملے کو الرٹ رہنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ بارش کی صورت میں تمام اسٹاف و مشینری مکمل الرٹ رہیں تمام جنریٹرز کو اسٹینڈ بائی اور فعال رکھا جائے۔

ضلع بھر میں طوفانی بارش نے تباہی مچادی، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں سے دیواریں اور چھتیں گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

اسپتال ذرائع کے مطابق بارش کےدوران چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئی ہے جبکہ دیواریں گرنے سے دو بچے بھی جاں بحق ہوگئے ہیں۔ تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال سارہ نورنگ کے ایم ایس ڈاکٹر آزاد خان نے 5 ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے۔

ترجمان ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث دیواریں گرنے سے 15زخمیوں کو تحصیل اسپتال نورنگ منتقل کردیا گیا ہے، مزید زخمیوں کو اسپتال منتقل کررہے ہیں۔

شدید طوفان اور بارش سے ضلع بنوں، لکی مروت اور کرک سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

پاک فوج کی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں۔ پاک فوج تمام وسائل بروئے کار لا کر سول انتظامیہ کے ساتھ عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

زخمیوں کوضلعی ہسپتالوں میں پاک فوج کی مدد سے منتقل کردیا گیا ہے،،تاہم ضلع بنوں کے سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔۔

آندھی اور طوفان سے ضلع بھر میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا جبکہ طوفان سے سینکڑوں درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ہیں۔