سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والے یوٹیوبر عادل راجہ کو لندن میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق عادل راجا کو اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی پر گرفتار کیا گیا ہے۔
قبل ازیں، اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ پاک فوج اور آرمی چیف کے خلاف بیان بازی پر عادل راجہ کے خلاف لندن پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس کی جانب سے ان کو جاری نوٹس میں کہا گیا تھا کہ آپ نے یوٹیوب اور ٹویٹر پر برطانوی قوانین کی خلاف وزری کی ہے ، فوری طور پر پیش ہو کر اپنا موقف واضح کریں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کے علاقے جی الیون کے رہائشی محمد اسلم کی درخواست پر بیرون ملک مقیم چار افراد کے خلاف غداری اور بغاوت پر اکسانے کی دفعات کے تحت تھانہ رمنا میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
جس میں صحافی شاہین صہبائی ، وجاہت ایس خان ، سید حیدر رضا مہدی اور عادل فاروق راجہ کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ان 4 افراد نے بیرون ملک بیٹھ کر پاکستان کے اندر عوام کو اداروں کے خلاف اکسانے اور حالات کو خراب کرنے کی کوشش کی ہے۔
مقدمے میں دہشتگردی اور غداری کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔