کراچی: لیبیا کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلر کو کراچی ائیر پورٹ پر گرفتار کرلیا گیا جبکہ کوٹلی آزاد کشمیر میں بھی نیٹ ورک کے 9 ایجنٹس کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ائرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا۔ ملزم نے متعدد افراد کو غیر قانونی طریقے سے لیبیا بھجوایا تھا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم بین الاقوامی پرواز سے آذر بائیجان فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا۔ ملزم گزشتہ کئی ماہ سے روپوش تھا اور اس کے خلاف اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گجرات میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ گرفتاری کے بعد ملزم کو ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گجرات کے حوالے کردیا گیا۔
آئی جی ڈاکٹر خالد چوہان نے بتایا کہ کوٹلی آزاد کشمیر میں انسانی سمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کیا گیا ہے، غیر قانونی طریقہ سے نوجوانوں کو یورپ بھیجنے والے9 ایجنٹ گرفتار کرلئے گئے، یونان کشتی حادثہ میں کھوئی رٹہ کے 24 سے 26 لوگ شامل تھے، گرفتار 9 ایجنٹوں کے خلاف تھانہ کھوئی رٹہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔