الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گزشتہ چند سالوں میں ووٹر لسٹوں میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد شامل ہونے کے بعد ووٹرز ایجو کیشن اور سٹوڈنٹس آگاہی کے لئے نومبر 2021 سے چاروں صوبوں اور مرکزی سطح پر مختلف یونیورسٹیوں، کالجوں اور سکولوں میں طالب علموں کے ساتھ تعلیمی ورکشاپس کا ایک مستقل سلسلہ شروع کیا ہوا ہے۔ جس میں طالب علموں کے علاوہ اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اب تک پنجاب، خیبر پختو نخوا بشمول قبائلی اضلاع، سندھ ، بلوچستان اور اسلام آباد میں مختلف سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں 707 سٹوڈنٹس ور کشاپس کامیابی سے منعقد کرائی گئی ہیں۔ یہ سلسلہ مزید چلتا رہے گا۔ اس کا مقصد نوجوانوں میں بطور ذمہ دار شہری ایک اہم قومی فریضہ یعنی ووٹ رجسٹریشن اور حق رائے دہی کے استعمال کی اہمیت اُجاگر کرنا اور انتخابی عمل میں شمولیت کو یقینی بنانا ہے کیونکہ موجودہ انتخابی فہرستوں میں نوجوانوں کی تعداد کروڑوں میں ہے اور یہ ضروری ہے کہ ان میں ووٹ کی اہمیت اور اپنے اس قومی فرض کو نبھانے کے لئے نہ صرف شعور پیدا کیا جائے بلکہ ان کے ذریعے عوام کو بھی تمام اضلاع میں انتخابات سے متعلق آگاہی دی جاسکے تاکہ آنے والے انتخابات میں نہ صرف ووٹ ڈالنے کی شرح کو بڑھایا جا سکے بلکہ معاشرے کے تمام طبقات کی آئندہ انتخابات میں شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ طالب علم رضا کارانہ طور پر ووٹر آگاہی مہم کو اپنے علاقے کے سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں، اور اپنے آبائی علاقوں میں پہنچارہے ہیں اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے اس رضا کارانہ قومی خدمت پر طالب علموں کو تعریفی اسناد دی جارہی ہیں۔ ووٹر آگاہی کے لئے پرنٹ شدہ مواد بھی انکو الیکشن کمیشن مہیا کر رہا ہے جو یہ اپنے علاقوں میں تقسیم کر رہے ہیں۔ ان سٹوڈنٹس ور کشاپس کو پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے ملک بھر میں کوریج بھی دی جاتی ہے۔ طالب علموں نے الیکشن کمیشن کی اس مہم میں بھر پور دلچسپی ظاہر کی ہے اور مختلف یونیورسٹیوں، کالجوں اور سکولوں کی طرف سے مزیدسٹو ڈنٹس ور کشاپس کے انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن کو درخواست کی جارہی ہے۔ تمام ریجنل الیکشن کمشنر، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اور پبلک ریلیشن آفیسر اپنے اپنے ڈومین اور ضلع میں طالب علموں کے ساتھ ووٹر آگاہی ور کشاپ کامیابی کے ساتھ منعقد کروارہے ہیں۔ عوامی آگاہی اور طالب علموں کی توجہ حاصل کرنے کے لئے مرکزی، صوبائی ، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر منعقدہ تمام سٹوڈنٹس ور کشاپس کو مقامی میڈیا اور مرکز سے بھر پور میڈ یا کوریج دی جارہی ہے تا کہ نوجوانوں میں ووٹ کی اہمیت کو اُجاگر کیا جائے۔ یہ سلسلہ آئندہ عام انتخابات تک جاری رہے گا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان کی نگرانی میں الیکشن کمیشن نے اسلام آباد سیکر ٹریٹ اور چاروں صوبوں میں الیکشن کمیشن کے سینئر افسران کو بطور یوتھ فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے۔ان تمام افسران کو نو جوانوں کو انتخابی دھارے میں شامل کرنے اور ان میں ووٹ رجسٹریشن اور ووٹ کے حق کو استعمال کرنے کے لئے راغب کرنے کے لئے اپنے متعلقہ صوبے اور مرکز میں ٹھوس اقدامات اٹھانے کی تحریر ی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ نیز الیکشن کمیشن کے میڈیا کوارڈی نیشن اینڈ آوٹ ریچ ونگ کو نو جوانوں کو انتخابی دھارے میں شمولیت کو یقینی بنانے کے حوالے سے مرکز اور صوبوں میں مستقل ذمہ داریاں بھی تفویض کر دی گئی ہیں۔