پشاور میں گیس لیکیج دھماکے سے عمارت زمین بوس، 3 بچے جاں بحق

پشاور کے علاقے شریف آباد میں گیس لیکیج کے باعث ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 3 منزلہ مکان ملبے کا ڈھیر بن گيا۔

ریسکیوں اہلکاروں کا کہنا ہے کہ دھماکے کے باعث 3 بچے جاں بحق ہوئے جن کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ خاتون سمیت دو زخمیوں کو بھی ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دھماکے سے گھر کے باہر گاڑی کو بھی نقصان پہنچا اور قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر دھماکا گیس سلینڈر میں لیکیج کے باعث ہوا، دھماکا اس قدر زور دار تھا کہ پوری عمارت زمین بوس ہو گئی۔

ریسکیو 1122 حکام کے مطابق دھماکے کے باعث ملبے کا ڈھیر ہونے والی عمارت میں کئی گھنٹے کے آپریشن کے بعد 3 بچوں کی لاشیں نکالی گئیں جن کی شناخت زنیرہ، احمد اور جلیل کے ناموں سے ہوئی ہے۔