میکسیکو میں قیامت خیز گرمی، 100سے زائد افراد ہلاک

میکسیکو میں پڑنے والی قیامت خیز گرمی نے ایک ماہ میں 100 سے زائد افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق میکسیکو کی وزارت صحت نے گزشتہ ہفتوں سے جاری شدید گرمی کی لہر کے نتیجے میں اب تک 112 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔

مذکورہ اموات کی وجہ ہیٹ اسٹروک اور جسم میں پانی کی کمی بیان کی گئی ہے، وزارت صحت کے مطابق سب سے زیادہ 64 اموات میکسیکو کی ریاست نیو ای ولیون میں ہوئی۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ میکسیکو کی ریاست سونورا میں رواں ہفتے درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

حکام نے کہا ہے کہ رواں موسمِ گرما میں میکسیکو بھر میں اوسط درجۂ حرارت 30 سے 45 ڈگری رہا۔ میکسیکن وزارتِ صحت کا یہ بھی کہنا ہے کہ یکم جولائی سے ایک اور ہیٹ ویو کا امکان ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ تین ہفتوں سے جاری ہیٹ ویو سے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے جس وجہ سے بجلی کی طلب میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جب کہ حکام نے شدید گرمی کی وجہ سے بعض علاقوں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔