روسی پارلیمنٹ نے تبدیلی جنس پر پابندی لگا دی

ماسکو:روسی پارلیمنٹ نے ملک میں جنس کی تبدیلی کے لئے سرجری کرانے پر پابندی لگانے کا قانون منظور کرلیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی پارلیمنٹ نے ملک میں جنس کی تبدیلی کے لئے سرجری کرانے پر پابندی لگانے کا نیا قانون منظور کر لیا ہے۔

 روسی ریاست ڈوماکی جانب سے منظور کئے گئے بل کے تحت دستاویزات پر بھی جنس تبدیل کرنے پر پابندی ہو گی۔

بل کی ایوان بالا اور صدر ولادی میر پوٹن سے منظوری کے بعد قانون حتمی طور پر نافذ ہو جائے گاجس کے بعد جنس تبدیلی کا کوئی بھی اقدام خلاف قانون ہوگا۔ڈاکٹرز جنس کی تبدیلی کے لیے کوئی آپریشن نہیں کر سکیں گے۔

اسپیکر ویاچسلاو ولوڈن نے کہا کہ مغربی اور یورپی دنیا میں جو کچھ غیر فطری ہو رہا ہے ہم واحد یورپی ملک ہیں ہیں جو اس کی مخالفت کرتے ہیں،ہم خاندانوں اور روایتی اقدار کو بچانے کے لیے سب کچھ کررہے ہیں۔

انہوں نے جنس تبدیل کرنے والی سرجری کو قوم کے انحطاط کا راستہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بل ہمارے شہریوں اور ہمارے بچوں کی حفاظت کو یقینی بناتا ہے۔