بھارتی ریاست مہاراشٹرامیں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ سے 16 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 100 سے زائد افراد لاپتا ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مہاراشٹرا کے ضلع رائے گڑھ میں لینڈ سلائیڈنگ سے ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی، جبکہ مٹی تلے دبے 80 سے زائد افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے تاہم اب بھی درجنوں افراد کے مٹی تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب اندھیرا بڑھنے کے بعد ریسکیو حکام کی جانب سے مٹی تلے دبے ہوئے افراد کی تلاش کا کام روک دیا گیا ہے.
نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ مٹی تلے دبے ہوئے مزید افراد بھی زندہ ہو سکتے ہیں تاہم اتنے اندھیرے 9 سے 29 فٹ گہرائی میں دبے ہوئے افراد کی تلاش کا کام جاری رکھنا ممکن نہیں ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شدید بارش سے متاثرہ علاقے میں 40 مکانات لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آئے تھے، وہاں 225 سے زائد افراد آباد تھے جبکہ اب بھی 100 سے زائد افراد لاپتا ہیں۔