لڑکیوں کو تعلیم سے روکنے پر یورپی ممالک کی طالبان پر پابندی

لڑکیوں کو تعلیم سے روکنے پر یورپی ممالک نے افغان طالبان پر پابندی عائد کردی۔

بلیک لسٹ ہونے والے سینئر رہنماؤں میں عبدالحکیم حقانی، عبدالحکیم شرعی اور مولوی حبیب اللہ آغا شامل ہیں۔

طالبان رہنماؤں سمیت 18 افراد اور 5 اداروں پر بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے باعث پابندی عائد کی گئی ہے۔

اس حوالے سے جاری بیان میں عبوری طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ طالبان رہنماؤں کو پابندیوں کی فہرست میں ڈالنا کسی بھی طرح فائدہ مند نہیں، دباؤ اور پابندیاں لگانے کے بجائے بات چیت اور افہام وتفہیم سے کام لینا چاہیے۔

یورپی کونسل کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’(مذکورہ افراد کو) افغان لڑکیوں اور خواتین کو تعلیم کے حق، انصاف تک رسائی اور مردوں اور عورتوں کے درمیان مساوی سلوک سے محروم کرنے میں ان کے کردار کی وجہ سے (پابندیوں کی فہرست میں) شامل کیا گیا ہے‘۔