راولپنڈی : عمارت میں گیس سلنڈر دھماکے سے 2 افراد جاں بحق، 4 زخمی

راولپنڈی: روات کے قریب نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں بلند عمارت میں گیس سلنڈر دھماکے سے 2 افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ 4 شدید زخمی ہوگئے۔

دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ تین منزلہ کمرشل عمارت لرز گئی، تمام کھڑکیاں اور دروازے ٹوٹ گئے۔ انتظامیہ نے عمارت کے ڈھانچے کو خطرناک قرار دے کر خالی کرالیا۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ 3 منزلہ عمارت میں گیس سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے بعد عمارت کے مختلف حصوں میں آگ لگ گئی۔

امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔ دھماکے میں دو افراد 23 سالہ ارشاد اور 50 سالہ اسرار جاں بحق ہوئے جبکہ زخمیوں میں عباس علی، شمون، نعمان اور نوید شامل ہیں۔

دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ متاثرہ تین منزلہ عمارت اور ملحقہ عمارتوں کی کھڑکیاں اور دروازے ٹوٹ گئے۔ متاثرہ عمارت کے مرکزی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا جس کے بعد انتظامیہ نے عمارت کو خطرناک قرار دے کر مکمل طور پر خالی کرالیا۔

تھانہ روات پولیس نے واقعے کو حادثہ قرار دے کر رپورٹ درج کرلی ، زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔