اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے اجراء کے بعد سے اب تک ساڑھے چھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق گیارہ اگست دوہزار تئیس تک کھولے گئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی مجموعی تعداد چھ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ان بینک کھاتوں میں مجموعی طور پر رقوم کی آمد چھ ارب ڈالر سے زیادہ ہیں تاہم پاکستان کے مرکزی بینک نے ماہ بہ ماہ فنڈز کی آمد اور فنڈز کی بیرون ملک منتقلی کے حوالے سے اعداد و شمار سمیت مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔
اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ پر دستیاب تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق جون کے مہینے میں مجموعی طور پر روشن ڈیجیٹل اکاونٹس کے ذریعے چھ اعشاریہ پینتیس ارب ڈالر سے زائد رقومات کا تبادلہ ہوا جن میں ایک ارب سے زاءد وطن واپس بھیجے گئے جبکہ جون تک خالص قابل واپسی ذمہ داری ایک اعشاریہ ایک سو اکیس ارب ڈالر رہی۔
روشن ڈیجیٹل اکاونٹس انتہائی اہم ہیں اُور ان کے ذریعے زرمبادلہ کے ذخائر کی کمی سے دوچار پاکستان کے لئے رقومات آ رہی ہیں۔
پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار آر ڈی اے کے ذریعے این آر پیز کو بینک برانچ جانے کی ضرورت کے بغیر مکمل طور پر ڈیجیٹل اور آن لائن پروسیس کے ذریعے پاکستان میں ریموٹ اکاؤنٹ کھولنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔
آر ڈی اے اسٹیٹ بینک کا ایک اہم اقدام ہے جو پاکستان میں کام کرنے والے کمرشل بینکوں کے تعاون سے پاکستان میں بینکاری، ادائیگی اور سرمایہ کاری کی سرگرمیاں انجام دینے کے خواہاں نان ریزیڈنٹ پاکستانیوں (این آر پیز) بشمول نان ریزیڈنٹ پاکستان اوریجن کارڈ (پی او سی) ہولڈرز کو جدید بینکاری حل فراہم کرتا ہے۔
یہ اقدام اسٹیٹ بینک کی جانب سے ستمبر 2020 میں شروع کیا گیا تھا اور امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری پر 8 فیصد تک منافع فراہم کرتا ہے۔