‏اسلام آباد : آٹھ سالہ یتیم بچی کا اغوا اُور قتل

 اسلام آباد میں آٹھ سالہ یتیم بچی کو مدرسے جاتے ہوئے اغوا کیا گیا اُور بعدازاں اُسے قتل کر دیا گیا۔‏

‏تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ تھانہ سنبل کی حدود میں نسوار چوک کے قریب پیش آیا۔ مقتولہ کا نام فاطمہ مظہر تھا اُور وہ ایک مدرسہ کی طالبہ تھی۔ کم عمر بچی ایک روز قبل شام کے وقت لاپتہ ہوئی جس کی اطلاع پولیس کو دی گئی تھی تاہم اُس کی تلاش مکمل ہونے سے قبل ہی اُس کی لاش دریافت ہوئی۔ بچی کے جسم پر تشدد کے نشانات تھے، جو اس جرم کی سفاکانہ نوعیت کی نشاندہی کرتے تھے۔ اس افسوسناک واقعے سے قبل لڑکی حال ہی میں چنیوٹ میں اپنی دادی سے ملنے گئی تھی۔‏

‏پولیس ذرائع نے بتایا کہ لڑکی کو گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا اور نعش پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال بھیج دی گئی۔‏

‏پولیس کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) شہزاد ندیم بخاری نے انکوائری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے اور ڈی پی او کو مکمل تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ ڈی آئی جی نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی سخت ہدایات جاری کیں ہیں۔