فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 میں مجوزہ ترمیم کے مسودے کے تحت 'بینکنگ' کی نئی تعریف متعارف کرنے کی سفارش کی ہے۔
اس سلسلے میں ایف بی آر نے انکم ٹیکس آرڈیننس 2 کے سیکشن 2001 میں ترمیم کی تجویزپیش کی ہے۔
بینکنگ کی مجوزہ تعریف کے تحت اس کا مطلب یہ ہے کہ قرض یا سرمایہ کاری کے مقصد سے عوام سے رقم جمع کروانا، مانگ یا کسی اور صورت میں واپس کرنا، اور چیک، ڈرافٹ اور آرڈر یا کسی اور طریقے سے رقم نکالنا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ انکم ٹیکس قانون میں 'بینکنگ' کی اصطلاح بار بار استعمال کی گئی ہے اور انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 میں اس کی مناسب وضاحت کرنے کی ضرورت ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو اس وقت ان لینڈ ریونیو کے ٹیکس قوانین یعنی انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کو آسان بنانے اور ہم آہنگ کرنے کے عمل میں مصروف ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیکس جمع کرنے والوں اور ٹیکس دہندگان کے لئے آسانی پیدا کرنا ایف بی آر کی ترجیحات میں شامل ہے اُور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مزید مشاورت کے بعد فنانس بل 2024 کی تیاری کے دوران تجاویز پر غور کیا جائے گا۔