لاہور: یومِ آزادی کے موقع پر مینارِ پاکستان کے قریب ہوائی فائرنگ سے ایک بچی جاں بحق ہو گئی۔
14 اگست کو جشن آزادی کے موقع پر صوبائی دارالحکومت میں ہوائی فائرنگ کا سلسلہ پولیس کے سخت اقدامات کے باوجود نہیں رُک سکا اور ایک معصوم بچی ہوائی فائرنگ کا نشانہ بن کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔
پولیس کے مطابق مینارِ پاکستان کے قریب آزادی چوک پر 6 سالہ بچی کو ایک اندھی گولی آلگی، جو اس کے لیے جان لیوا ثابت ہوئی۔ بچی کی شناخت حمدہ ذیشان کے نام سے ہوئی۔ زخمی بچی کو طبی امداد کے لیے میو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
بچی کے والد ذیشان کے مطابق وہ لاہور کے علاقے سنت نگر یو سی 59 کا رہائشی ہے اور حمدہ کو آتش بازی دکھا کر واپس گھر جا رہا تھا کہ نامعلوم سمت سے آنے والی آندھی گولی معصوم حمدہ کے سینے میں لگی، جس کے فوراً بعد حمدہ کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہیں ہو سکی۔
6 سالہ حمدہ کی تدفین سنت نگر کے مقامی قبرستان میں کردی گئی جب کہ پولیس نے قتل کا مقدمہ تھانہ بادامی باغ میں درج کرلیا ہے۔ سی سی پی او اور ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی کو ملزمان کو جلد گرفتار کرنے اور رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔