متحدہ عرب امارات کے لکسن گروپ اور ائر عربیہ گروپ کی ملکیت اور مشترکہ طور پر چلائی جانے والی پہلی کم لاگت ائرلائن فلائی جناح نے مسافروں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک انوکھی موبائل ایپ متعارف کرائی ہے۔
ترجمان کے مطابق نئی فلائی جناح موبائل ایپ کے ذریعے مسافر اب آسانی سے منتخب پروازوں کی بکنگ اور دیگر سہولیات حاصل کرسکیں گے جس سے سفری انتظامات پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہوجائیں گے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اس کا استعمال آسان انٹرفیس صارفین کو پروازوں، نشستوں اور کھانے کے انتخاب جیسی اضافی خدمات فراہم کرے گا، جس کا مطلب ہے کہ ایپ مسافروں کے لیے سفری منصوبہ بندی پر مکمل کنٹرول کو یقینی بنائے گی۔ فلائی جناح موبائل ایپ کی ایک اہم خصوصیت انٹیگریٹڈ چیک ان ہے جو مسافروں کو ہوائی اڈوں کے کاؤنٹرز پر لمبی قطاروں سے بچنے میں مدد دے گی جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ انہیں کسی بھی پریشانی سے بھی بچایا جاسکے گا۔
مزید برآں موبائل ایپ "مسافروں کو ڈیجیٹل بورڈنگ پاس فراہم کرنے کی بھی صلاحیت رکھتی ہے، جس سے پرنٹ شدہ پاسز کی ضرورت کو ختم کرکے بورڈنگ کا عمل آسان اور زیادہ موثر ہوجاتا ہے"۔