نگران حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل بات چیت، آئی ایم ایف کے مطالبے پر وزارت خزانہ حکام آج سے گردشی قرضہ کا ادائیگی پلان دینا شروع کریں گے۔ ایجنڈا مرتب ہونے پر نگران حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان باقاعدہ مذاکرات آئندہ ماہ ہونے کا امکان ہے۔ کامیابی کی صورت میں پاکستان کو مزید 90 کروڑ ڈالر ملیں گے۔
نگران حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف شرائط پر عملدرآمد جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق نگران حکومت کے آئی ایم ایف حکام سے ورچول بات چیت گزشتہ شام ہوئی، آئی ایم ایف نے گردشی قرضہ کی ادائیگی سے متعلق حکومتی پلان پر مزید تفصیلات طلب کررکھی ہیں، جس پر وزارت خزانہ حکام آج سے پلان دینا شروع کریں گے، فریقین کے درمیان باقاعدہ مذاکرات آئندہ ماہ ہونے کا امکان ہے، جس کا ایجنڈا گردشی قرضہ ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان گیس سیکٹر کا گردشی قرضہ کم کرنے کے پلان پر مزاکرات ہوں گے، قرضے کی ادائیگی کے لیئے اسکیم پر بریفنگ ڈاکٹر شمشاد دیں گی، 400 ارب روپے کے قرضے کی ادائیگی کے بعد نگران حکومت کو 90 کروڑ ڈالر کی ادائیگی کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق 400 ارب کی ادائیگی کے بعد اس سیکٹر کا گردشی قرضہ 1200 ارب رہ جائے گا۔