مختلف ممالک سے تجارت کی صورتحال میں معمولی بہتری، گزشتہ مالی سال یورپی یونین کے ساتھ تجارت کا حجم 14.2 ارب ڈالر اور افریقی ممالک کے ساتھ 4.44 ارب ڈالر رہا، وزارت تجارت نے متعلقہ اداروں کی جانب سے موصولہ اعدادو شمار مرتب کرلیے۔
یورپ، افریقہ اور خلیجی ممالک کیساتھ تجارت کی صورتحال بہتر ہونے لگی، ایف بی آر اور پرال کے اعدادوشمار میں صورتحال میں معمولی بہتری سامنے آئی۔ دستاویزات کے مطابق امریکہ کو برآمدات 6.04 ارب ڈالر رہیں، سالانہ بنیادوں پر برآمدات میں 2.3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، افریقی ممالک کے ساتھ تجارتی حجم 4.44 ارب ڈالر جبکہ برآمدات 1.55 ارب ڈالر رہیں، اس دوران ان ممالک کو درآمدات 2.89 ارب ڈالر رہیں۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ خلیجی ممالک کے ساتھ تجارتی حجم 19 ارب 62 کروڑ 6 لاکھ ڈالر رہا، سالانہ بنیادوں پر پاکستانی کی مشرقی وسطیٰ ممالک کو برآمدات میں 3.2 فیصد کا اضافہ ہوا، اس خطے سے درآمدات میں 24 فیصد کی کمی ہوئی، وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تجارتی حجم 3 کروڑ 45 لاکھ ڈالر رہا۔
گزشتہ مالی سال افغانستان کے ساتھ 18 کروڑ 64 لاکھ ڈالر کی تجارت ریکارڈ کی گئی، ایران کے ساتھ پاکستان کا تجارتی حجم 8 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہا۔