اسلام آباد:ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ روپے کی بہتری کیلئے ڈالر کنٹرول کرنے میں وقت لگ سکتا ہے، لوگوں نے ڈالر خرید کر گھروں میں رکھے ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس ہوا،ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں بریفنگ میں بتایا کہ ڈالر کنٹرول کرنے میں وقت لگ سکتا ہے۔
ڈالر کی ڈیمانڈبے تحاشا بڑھنے کے باعث روپے کی قدر گر گئی، لوگوں نے ڈالر خرید کر گھروں میں رکھے ہوئے ہیں، درآمدات بڑھنے کے باعث ایل سیز کھولنے کیلئے ڈالر کی قیمت بڑھی۔
صورتحال یہ ہوچکی کہ لوگ روپے کے بدلے ڈالر خریدے جا رہے ہیں، آئی ایم ایف نے معاہدے پر عملدرآمدکیلئے تمام سیاسی جماعتوں سے لیٹر لئے۔
چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے باوجود روپے کی قیمت میں استحکام نہیں۔
وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد کرپٹ افسران کی انٹیلی جنس رپورٹ شائع کرنے کی تجویز، اسپیشل سیکرٹری خزانہ کا کہنا ہے کہ افسران کے اثاثے چیک کرنے کا میکنزم موجود نہیں، چیئرمین ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اثاثے ڈکلیئریشن میں ملازمین کی کرپشن جانچنے کا میکنزم موجود نہیں۔
چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ سنٹرل سلیکشن بورڈ میں ایف بی آر افسران کی کرپشن کے انبار لگے ہیں۔ اسپیشل سیکرٹری خزانہ کا کہنا ہے کہ ملازمین سے متعلق میکنزم بنانے کی ضرورت ہے۔
چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ تمام افسران کے اثاثے عوام کے سامنے لانا ضروری ہے۔ چیئرمین ایف بی آر کا کہنا ہے کہ کسٹم افسران سے متعلق کرپشن کی رپورٹ موصول ہوئیں۔
اسپیشل سیکرٹری خزانہ کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کو انتخابات کیلئے ابھی تک 10ارب روہے جاری کئے ہیں۔