پاک امریکا تعلقات کو 75 سال مکمل، یادگاری سکہ جاری

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پاک امریکا سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر 75 روپے کا یادگاری سکہ جاری کر دیا۔

اسلام آباد میں منعقد ہ ایک تقریب میں سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ پر یادگاری سکہ جاری کیا گیا۔

اس تقریب میں گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کے ہمراہ بطور مہمان خصوصی سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی اور امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے گیسٹ آ ف آنر کی حیثیت سے شرکت کی۔

اس موقع پر سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ سکے پر موجود پاکستان اور امریکہ کی قومی علامتیں دونوں ممالک کی جمہوری بنیادوں کو اجاگر کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا یہ سکہ پاک امریکہ طویل مدتی تعلقات کی پائیداری کی علامت رہے گا۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ سکہ دونوں ممالک کے درمیان روشن مستقل کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، یادگاری سکہ جاری کرنے پر اسٹیٹ بینک کا شکریہ ادا کرتا ہوں،

انہوں نے مزید کہا کہ گرین الائنس جیسے اقدامات دنوں ممالک کو مشترکہ چینلجز سے نمٹنے میں مدد دیں گے۔

گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے تقریب میں شرکت پر سیکریٹری خارجہ اور پاکستان میں امریکا کے سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یادگاری سکے کا اجرا دونوں ممالک کے تعلقات کی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔ 

پاکستان اور امریکا کے درمیان مضبوط تجارتی اور سماجی روابط ہیں۔ اس کا ڈیزائن اس با ت کی افادیت کو اجاگر کرتا ہے کہ کس طرح آزاد قومیں اپنے عوام کی ترقی کے لیے ساتھ مل کر کام کرتی ہیں۔