اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت اسلام آبادمیں ایک بزرگ شہری نے بجلی کا بھاری بل دیکھنے کے بعد اسلام آباد ایکسپریس پر بنے کھنہ پل سے نیچے چھلانگ لگا کرخود کشی کرلی۔
ملک بھر میں بجلی کے بلوں میں بے تحاشہ اضافے پر شہری پریشان حال بے چین مضطرب اور مشکلات کا شکار نظر آرہے ہیں۔جگہ جگہ صارفین سڑکوں پر نکل آئے۔
اسلام آباد میں بجلی کا بل ہاتھ میں پکڑے ایک شہری نے اسلام آباد ایکسپریس پر بنے کھنہ پل سے چھلانگ لگا کر خود کشی کر لی۔
متوفی کی وڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں تاہم اسلام آبا دپولیس کی جانب سے افسوسناک واقعہ کو چھپانے کی کوشش کی گئی۔
ادھربجلی کے بل زیادہ آنے کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں دوسرے روز بھی احتجاجی مظاہرے جاری رہے۔
سرگودھا میں تاجروں نے بجلی کے زائد بلوں کے خلاف احتجاجا بجلی کے بل ادا نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بلز جلا دیے، تاجروں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کردی جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔
اس کے علاوہ راولپنڈی، پشاور، چھانگا مانگا روڈ، دربار شیخ علم دین اور مستووال میں بھی شہریوں نے احتجاج کیا جب کہ شیخوپورہ میں وکیلوں نے احتجاج کے دوران بجلی کے بل جلادیے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ بلوں میں اضافہ کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔