ایک ارب 17 کروڑ کی چینی افغانستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

کراچی:ایک ارب 17 کروڑ کی چینی افغانستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر کسٹمز معین افضل نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ پاکستان سے افغانستان کے لیے ایک ارب 17 کروڑ روپے مالیت کی چینی سمگل کی جا رہی تھی، یہ کوشش ناکام بنادی گئی ہے، 2 کنٹینرز میں چینی کی 1750 بوریاں فلٹر شدہ پانی کی آڑ میں اسمگل کی جارہی تھیں۔

انھوں نے بتایا کہ غیرملکی اشیا کی اسمگلنگ کے لیے اسمگلرز آف روڈ ٹریکس کا استعمال کررہے ہیں، مافیا اب چھوٹی پک اپس میں مقامی اشیا کے ساتھ ممنوعہ اشیا سمگل کرنے لگے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ انڈین گٹکا، چھالیہ سیمنٹ کی آڑ میں اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی، لینڈروور پک اپ سے 36 لاکھ مالیت کی اسمگل شدہ اشیا برآمد کرکے ضبط کرلی گئی ہیں۔

 اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی 81 لاکھ مالیت کی لینڈروور پک اپ بھی ضبط کر لی گئی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ایک کیس میں اسمگلنگ کے لیے کنٹینر کے اندر علیحدہ خفیہ خانہ بنانے کا انکشاف ہوا ہے، حکام نے جانچ پڑتال کے دوران علیحدہ خفیہ خانے سے سمگل شدہ چھالیہ، انڈین گٹکا برآمد کیا گیا ہے۔